بنگلورو،27؍ستمبر(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ درج فہرست طبقات سے وابستہ سرکاری ملازمین کو ترقی میں ریزرویشن دینے کے معاملے میں عدالت عظمیٰ نے جو فیصلہ سنایا ہے اس کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی حکومت اس سلسلے میں اپنا موقف واضح کرے گی۔ شہر کے وسنت نگر کے ملرس جنکشن میں فیلڈ مارشل کے ایم کریپا کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب تک عدالت کے فیصلے کا مکمل جائزہ نہیں لیا جاتا اس پر تبصرہ کرنا وہ مناسب نہیں سمجھتے ۔ ایک سوال پر کہ کل کانگریس لیجسلیچر پارٹی میٹنگ کے دوران ان پر متعدد اراکین اسمبلی نے کیوں ناراضی ظاہر کی ؟ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ سی ایل پی میٹنگ کے دوران کسی بھی رکن اسمبلی نے ناراضی کا اظہار نہیں کیا بلکہ یہ تمام خبریں میڈیا کا قیاس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے دوران اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل اور انہیں جن دشواریوں کا سامنا ہے وہ بیان کیا ہے۔ اور یہ بھی شکایت کی کہ بعض اوقات انہیں وزیراعلیٰ سے راست ملاقات کا موقع نہیں ملتا ، اس کے علاوہ ان لوگوں نے کوئی شکایت نہیں کی۔ بعض اراکین اسمبلی نے اپنے چند مطالبات پیش کئے ، ان پر مناسب کارروائی کا سی ایل پی لیڈر سدرامیا نے وعدہ کیا ہے۔ اس موقع پر رکن پارلیمان پی سی موہن ، جواں سال کانگریس قائد رومان بیگ اور دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں۔